وہاڑی(یواین پی)ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر ناصر جمال ہوتیانہ نے کہا ہے کہ درخت اور پودے لگانا سنت نبویﷺ اور صدقہ جاریہ ہے شجر کاری مہم کو بامقصد بنا کر نہ صرف ماحول کو خوبصورت بنایا جاسکتاہے بلکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی کو بھی کم کرنا ممکن ہے مون سون شجرکاری مہم میں ضلع بھر میں ایک لاکھ 30ہزار پودے لگائے جائیں گے یہ بات انہوں نے ڈی سی او کمپلیکس کے سبزہ زار میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ای ڈی او زراعت چودھری مشتاق علی ، ای ڈی او ایجوکیشن شوکت علی طاہر ، ای ڈی او ورکس خواجہ محمد صادق،ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ملک عبدالستار،ڈی او فاریسٹ رانا طارق محمود، ایکسیئن انہار ٹھینگی اویس بیگ،ٹی ایم او وہاڑی میاں اظہر جاوید، ٹی ایم او بوریوالا ، ڈی او ماحولیات رانا صفدر علی، ڈی او فشریز لیاقت بھٹی، پرنسپل ڈی پی ایس بوریوالا صلاح الدین ، پرنسپل ڈی پی ایس وہاڑی راؤ اسماعیل ، ڈی او بہبود آبادی راؤ راشد حفیظ اور دیگر افسران موجود تھے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر ناصر جمال ہوتیانہ نے کہا کہ پودے قدرت کا حسین تحفہ ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم قدرت کے اس تحفے کی قدر نہیں کر پا رہے اور درخت پودے لگانے کی بجائے ان کو نقصان پہنچانے کا رحجان زیادہ ہے ہمیں اس رحجان کو ختم کرنے کے لیے معاشرے میں شعور کو اجاگر کرنا ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے اس مہم کے دوران جو پودے یا درخت لگائیں گے ان کی حفاظت کویقینی بنایا جائے ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائیگی شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ڈی سی او اور ضلعی اداروں کے سربراہان نے پودے لگائے