اسلام آباد(یو این پی)پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے امریکا بھی میدان میں آگیا۔امریکی قومی سلامتی کی مشیر نے پاکستان کا ہنگامی دورہ کیا،، سوزین رائس کو بھارتی جارحیت سے متعلق تشویش سے آگاہ کیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی، امریکا کشیدگی کم کرانے کیلئے میدان میں کود پڑا، امریکی قومی سلامتی کے مشیر سوزن رائس نے پاکستان کا ہنگامی دورہ کیا اور اہم ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان نے امریکا کو بھارتی جارحیت سے متعلق اپنی تشویش سے بھی آگاہ کیا اور اپنا موقف واضح انداز میں پیش کیا۔امریکی مشیر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔سوزن رائس نے مشیرخارجہ سرتاج عزیزسے بھی ملاقات کی اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ جس میں پاک بھارت مذاکرات میں تعطل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک امریکا دفاعی تعلقات، خطے کی صورتحال اور افغان مصالحتی عمل پر بھی بات ہوئی۔