اسلام آباد(یو این پی) دفترخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر اب تک 200ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ آپریشن پر اٹھنے والے تمام اخراجات حکومت پاکستان خود برداشت کر رہی ہے، کولیشن سپورٹ فنڈ ان اخراجات کی ادائیگی ہے جوضرب عضب شروع ہونے سے پہلے ہوئے تھے، ڈی جی رینجرز پنجاب اور بھارتی بی ایس ایف حکام کی ملاقات رواں ماہ ہوگی ، پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے ، افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں۔جمعہ کویہاں ہفتہ وارپریس بریفنگ میں ترجمان نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضر ب عضب کامیابی سے جاری ہے اور امن کے دشمنوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ کسی بھی اچھے یا برے دہشت گرد کی تمیز نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب پر جون 2014ء سے اب تک ایک ارب 92 کروڑ ڈالر (200 ارب روپے) خرچ ہو چکے ہیں اوراس آپریشن پر اٹھنے والے تمام اخراجات حکومت پاکستان خود برداشت کر رہی ہے جبکہ یہ رقم کارروائیوں اور نقل مکانی کرنے والے افراد (آئی ڈی پیز)پر خرچ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ ان اخراجات کی ادائیگی ہے جو آپریشن ضرب عضب شروع ہونے سے پہلے ہوئے تھے۔