صدر مملکت ممنون حسین کا یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر پیغام

Published on September 6, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 290)      No Comments

Mamnoon
اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن کے فروغ کا خواہاں ہے تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے اس کی مسلح افواج پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں‘ ملکی کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیا جائے گا، قوم اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے یہ بات یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) اتوار کو نہایت جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کی بقاء‘ سلامتی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے والوں اور اس کے تحفظ کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و ملت کی خوشحالی و ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔ صدر نے کہا کہ مجھے انتہائی فخر اور خوشی ہے کہ آج ہم اپنے قومی تاریخ کے ان ولولہ انگیز لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں جب ہماری مسلح افواج اور قوم نے یکجہتی ‘ صبر و استقامت اور جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی جذبے و نظم و ضبط کے وہ روشن لمحات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں میں بھی جوش و خروش کی نئی روح پھونکتے رہیں گے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریک پاکستان ہمارے اسلاف کے خون سے رقم ہے جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے ہر ظلم اور جبر کو برداشت کیا۔ آزادی کے بعد قوم کو بہت سے چیلنجز اور نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑا۔صدر نے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے باعث وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء کو بہت سے خطرات درپیش رہے جن کا بحیثیت قوم ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ صدر نے کہا کہ جنگ 1965ء میں ہم نے بحیثیت قوم یہ ثابت کردیا کہ قومی وقار اور سالمیت کو اتحاد و یکجہتی سے ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دفاعی خودانحصاری کی منزل کا حصول بھی ناگزیر ہے۔ الحمد اللہ یہ منزل ہم نے حاصل کرلی ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ آج ہم ایٹمی قوت ہیں اور ہماری مسلح افواج جرات و بہادری‘ پیشہ وارانہ مہارت اور جدت سے لیس ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دہشتگردی نمایاں ہے۔ اس ناسور کے خاتمے کے لئے قوم نے جو عزم کیا تھا افواج پاکستان نے اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ نے اس پر کاری ضرب لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے نیٹ ورک توڑ دیئے گئے ہیں اور ملک میں امن عامہ کی صورتحال انتہائی بہتر ہے جس پر پاکستان کی افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ صدر نے اس تاریخی موقع پر دہشتگردی کا شکار ہونے والے عام شہریوں اور خاص طور پر آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes