کراچی (یوا ین پی)فلور ملز مالکان نے سندھ میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔فلور ملز مالکان نے واضح کیا ہے کہ بیس کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں دس روپے کا اضافہ سندھ کیلئے نہیں بلکہ پنجاب کیلئے کیا گیا ہے،لہذا سندھ میں صارفین آٹے کی زائد قیمت ادا نہ کریں۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا میں خبریں گردش کر رہیں ہیں کہ سندھ میں آٹے کے بیس کلو گرام تھیلے کی قیمت میں دس روپے کا اضافہ ہوا، جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق صرف پنجاب میں ہوا ہے، سندھ بھر میں آٹے کی پرانی قیمت برقرار ہے۔