مکہ مکرمہ (یو ا ین پی)سعودی عرب کے 74سالہ مفتی اعظم الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل الشیخ آج ( بدھ ) مسلسل 35ویں مرتبہ حج کا خطبہ دیں گے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 1981ء ( 1402ہجری) میں حج کا خطبہ دیا اور یہ سلسلہ آج35ویں سال تک جاری ہے۔وہ 1941ء میں سعودی دارالحکومت ریاض میں پیدا ہو ئے ۔انہوں نے12سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کیا اور 22 سال کی عمرمیں امام الدعوہ انسٹیٹیوٹ سے شرعیہ میں گریجوایشن کی ۔ انہیں1995ء میں سعودی عرب کا نائب مفتی اعظم جبکہ 1999میں مفتی اعظم مقرر کیا گیا ۔ وہ پیدائشی طور پر ہی کم نظری کا شکار تھے اور 1960ء میں بینائی سے مکمل طور پر محروم ہوگئے ۔ مفتی اعظم کی دلچسپی اور ترجیحات میں اسلامی دنیا کے بحران ‘ مسائل کی آگاہی اور زندگی کے تمام شعبوں میں سے متعلقہ ایسے امور کی نشاندہی کرنا ہے جن کی اصلاح کی ضرورت ہے ۔ مفتی اعظم اپنے خطبے میں مسئلہ فلسطین پر خصوصی توجہ دیتے ہیں ۔ اس کا اثر خطبہ کے دوران ان کے لہجے اور چہرے پر واضح طور پر نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ شیخ اپنے خطبے میں مسلمانوں کی یک جہتی ‘ باہمی اختلافات کے خاتمے اور میڈیا کے مثبت کردار کے ساتھ ساتھ خواتین کی آزادی کے نعرے کی حقیقت بھی بیان کرتے ہیں۔