رپورٹ:مروت احمد
مسقط میں پاکستانی ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے کوشاں بزم ’’ وِرثہ‘‘ کی جانب سے گزشتہ دنوں ’’پاکستان تجھے سلام ‘‘کے عنوان سے سے مقامی ہوٹل میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیاگیا ، جس کے مہمانِ خصوصی ایاز حسین سفیرِ پاکستان برائے سلطنتِ عمان تھے اورمہمانِ اعزازی معروف عمانی بزنس مین سید فیاض علی شاہ تھے جبکہ پاکستانی سفارتخانے کے کونسلر چوہدری شوکت علی بھی ان کے ہمراہ تقریب میں موجود تھے ۔
سینئیرپاکستانی صحافی شاعرشہزاد رضا نے تقریب کا آغاز استقبالیہ کلمات سے کیا اور وِرثہ کی جانب سے اپنی قومی ادبی و ثقافتی ترویج و ترقی کے سلسلے میں مسقط میں منعقدہ چوتھی کاوش کے اہتمام پر مسرت کا اظہار کیااور مذکورہ تقریبات میں اہلِ ذوق ہم وطنوں کی تسلسل کے ساتھ شرکت کی ستائش کی۔ ان کے بعد ممتاز و مقبول شاعر قمر ریاض نے نظامت کا فریضہ انجام دیتے ہوئے کاروائی کی باقاعدہ ابتدا اللہ تعالی کی حمدو ثنا سے کی اور وطنِ عزیزپاکستان سے محبت کے تقاضے اور اس کی اہمیت کو خوش اسلوبی سے موضوعِ سخن بنایا ۔ پھر محمد عمران نے جیوے جیوے پاکستان کی خوبصورت دھن بجا کر اہلِ محفل کے دلوں کو خوب گرمایا۔ اس کے بعد پاکستان اسکول مسقط کی ننھی منی طالبہ خدیجہ ہاشمی نے ایک ملی نغمہ عمدگی سے پیش کیا ۔
بعدازاں معروف شاعرہ عذرا علیم کے علاوہ جن دیگر جانے پہچانے شعراء نے مادرِ وطن پاکستان کے حوالے سے اپنا ولولہ انگیز کلام سنایا ، ان میں پروفیسر ارشاداحمد ،ذاکر حسین ذاکر،قمر ریاض، احمد شہزاد، شہزاد رضااور مروت احمد کے نام شامل ہیں۔پھر مقامی گلوکاروں محمد شنیل ، مراتب علی ، راناشوکت علی، محمد کمیل اور محمد عمران نے قومی نغمے پیش کر کے شرکائے تقریب کے دلوں میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیااور تقریب کی زینت بڑھائی۔اس موقع پر عمانی شخصیت محمد عارف برکات نے سلطنتِ عمان اور پاکستان کے مزید استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں محمد یوسف،سخاوت بخاری اور اخمت حیات راجہ نے اپنی تقاریر میں پاکستان کے تابناک مستقبل کابخوبی تذکرہ کیا جبکہ چوہدری شوکت علی نے بھی تقریب کی مناسبت سے بصیرت افروز گفتگو کی۔ان کے بعد محسن جاوید شیخ نے پاکستان کے بارے میں ایک خوبصورت ڈاکومینٹری پیش کی ۔
آخر میں مہمانِ خصوصی سفیرِ پاکستان ایاز حسین نے قومی تقریب کے پروقار انعقاد پر ورثہ کے منتظمین کی مخلصانہ اور بے لوث کاوشوں کو سراہااور وطن سے دور قومی یکجہتی کی آئینہ دار اور پاکستانی تشخص کو اجاگر کرنے والی ایسی زیادہ سے زیادہ محافل منعقد کرنے پرزور دیا۔سفیر موصوف نے مقامی گلوکاروں کو انعامی شیلڈوں سے نوازاجبکہ منتطمینِ تقریب کی جانب سے سفیرِ پاکستان کو یادگاری نشان پیش کیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان ، سلطنتِ عمان اور دیگر تمام اسلامی ممالک کے لیے نیک دعاؤں سے ہوا ۔ عمانی احباب محمد پرویز ابو ہارون اور ڈاکٹر اسد محمود نے بھی اس یادگار محفل میں شرکت کی۔آخر میں مہمانوں کی تواضع عشائیے سے کی گئی۔
فوٹو کیپشن: مسقط میں ’’ورثہ‘‘ کی ادبی و ثقافتی تقریب ’ ’ پاکستان تجھے سلام ‘‘میں سفیرِ پاکستان ایاز حسین یادگاری نشان وصول کر رہے ہیں۔ مسقط میں ’’ورثہ‘‘ کی ادبی و ثقافتی تقریب ’ ’ پاکستان تجھے سلام ‘‘میں سفیرِ پاکستان خدیجہ ہاشمی کو انعام دے رہے ہیں۔