اسلام آباد(یواین پی)صدر مملکت ممنون حسین نے عیدالاضحی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں اس قربانی کی عملی مثال قائم کرنا ہوگی کیونکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ایثار و قربانی اور اخوت کے جذبے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ہمیں اپنے اُن جوانوں اور بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنھوں نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیا اور وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں خودکو امر کر لیا۔عیدپر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے مبارک اور پرُمسرت موقع پر پوری قوم کو دل کی گہرایوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالی تمام اہل وطن کو اپنی حفاظت میں رکھے اور دنیاوی و اُخروی تمام نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم الشان قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے جب انہوں نے حکم خدا وندی کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہوئے اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربانی کیلئے پیش کرکے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔ اس عظیم قربانی کو اللہ تعالیٰ نے قیامت تک صاحب استطاعت مسلمانوں پر لازمی قرار دے دیا۔ آج اہل اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کررہے ہیں۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں اس قربانی کی عملی مثال قائم کرنا ہوگی کیونکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ایثار و قربانی اور اخوت کے جذبے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں مصروف ہیں اور ہم کامیابی کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ اس موقع پر ہمیں اپنے اُن جوانوں اور بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنھوں نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیا اور وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں خودکو امر کر لیا۔ صدر نے کہا کہ عیدالاضحی کے اس پرمسرت موقع پرسچے پاکستانی کی حیثیت سے ہمیں ان بہن بھائیوں کی گراں قدر قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمیں غریبوں اور قدرتی آفات کے باعث مصیبت کاشکار ہونے والے افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے اور پاکستان کو امن ، ترقی ا ور خوشحالی سے ہمکنار فرمائے او ر عید الاضحیٰ کے اصل پیغام’’ ایثار و قربانی‘‘ کو ہماری زندگیوں کا حصہ بنا دے۔آمین