اسلام آباد (یو این پی)امریکی ڈپٹی سیکرٹری خزانہ سارہ بلوم کا کہنا ہے کہ 50 کروڑ ڈالر مالیت کے غیر ملکی بانڈز کی کامیاب نیلامی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی ہے۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیئے کے مطا بق واشنگٹن میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی ڈپٹی سیکرٹری خزانہ سارہ بلوم کو 2 سالوں کی معاشی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی اسٹاک میں اتار چڑھاؤ کے باوجود 50 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی بانڈز کامیابی سے فروخت ہوئے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی میں مزید آسانیاں پیدا کرے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے وزیر خزانہ نے پاک فوج کی کا میابیوں کے بارے میں بھی امریکی ڈپٹی سیکرٹَری کو آگاہ کیا۔اس موقع پر سارہ بلوم نے حکومتی نیشنل ایکشن پلان کی بھی تعریف کی۔