لاہور (یو این پی)لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بائیس کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے امیدواروں نے انتخابی مہم تیز کر دی۔ دونوں امیدواروں نے پولنگ فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرانے کے فیصلے کو سراہا ہے۔این اے ایک سو بائیس میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنماء ایاز صادق نے کہا کہ فوج اور رینجرز کی نگرانی میں پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال بحال رکھنے میں مدد ملے گی۔تحریک انصاف کے امیدوار عبدالعلیم خان نے ضمنی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب کسی کو دھاندلی کا موقع نہیں ملے گا۔ ضمنی انتخابات کے نتائج عام انتخابات سے مختلف ہوں گے۔این اے ایک سو بائیس کا انتخابی میدان مارنے کے لئے دونوں سیاسی جماعتوں کے امیدوار ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ ووٹرز بھی فوج اور رینجرز کی زیر نگرانی ہونے والے الیکشن پر مطمئن نظر آ رہے ہیں۔