کراچی (یواین پی )وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر سول سوسائٹی کے اراکین اور عافیہ موومنٹ کے رضا کار کراچی پریس کلب پر مظاہرہ میں وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کررہے تھے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے معاملے کو اجاگرکریں اور اس اہم موقع کو ضائع نہ کریں۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم کے وعدے کو 2سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے ۔جھوٹے وعدوں سے سیاسی قائدین پر قوم کے عدم اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے ۔ وزیر اعظم عافیہ کے معاملے میں چپ کا روزہ توڑ کر جراتمندی کا مظاہرہ کریں اس طرح حکومت پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا ۔ جب وزیر اعظم نے عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا تو اس کا پوری قوم نے خیر مقدم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی ماں، بچے اور پوری قوم عافیہ کو وطن واپس لانے کے وعدے کے پورا ہونے کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی بے گناہی کی بنیاد پر اقوام متحدہ میں جب ایک امریکی سینیٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرسکتا ہے اور عافیہ کو 86سال کی ظالمانہ سزا سنانے والے امریکی جج رچرڈ برمن کو پاگل اور احمق قرار دینے کی جرات کررہا ہے تو وزیر اعظم کو بھی اس معاملے میں جراتمندی کا اظہار کرنا چاہئے ۔ پوری قوم متفقہ طورپر کشمیر اور عافیہ کی آزادی کا مطالبہ کررہی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ امریکی حکومت سے عافیہ کی وطن واپسی کیلئے واضح طور پر بات چیت کی جائے اور قوم کو اس معاملے میں اعتماد میں لیا جائے