اسلام آباد (یو این پی) پالپا اور پی آئی اے تنازعے کی وجہ سے مزید تیرہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، چھتیس گھنٹے کے دوران منسوخ پروازوں کی تعداد چونتیس ہوگئی۔ دو پائیلٹس کے معطل لائیسنس بحال کرو۔ڈائریکٹر فلائٹ آپریشنز کو برطرف کرو۔پائیلٹس کواضافی ڈیوٹی پر مجبور نا کرو۔ان مطالبات کے حق میں پاکستان ایرلائنز پائلٹس ایسو سی ایشن کا احتجاج جاری ہے۔ گذشتہ چھتیس گھنٹوں کے دوران قومی ایئرلائن کی چونتیس اورنجی کمپنیوں کی چار پروازیں منسوخ ہوئیں ،پی آئی اے کی یومیہ سوا سو پروازوں میں سے کوئی پرواز ایسی نہیں جس میں دو سے چھ گھنٹوں کی تاخیر نا ہوئی ہو۔تاہم حج واپسی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ گذشتہ رات سے اب تک مزید تیرہ پروازیں منسوخ جبکہ پانچ تاخیر کا شکار ہوئیں۔کراچی سے لاہور پی کے 302 اور پی کے 303 منسوخ کر دی گئیں۔ رحیم یار خان سے ابو ظبی کیلئے پی کے 295 ، کراچی کوئٹہ اسلام آباد پی کے 352 اور اسلام آباد کوئتہ کراچی کی پرواز پی کے 363 بھی منسوخ ہوئیں ، کراچی پشاور دبئی پی کے 350 اور لاہور دمام کی پرواز پی کے 247 بھی روانہ نا ہو سکی،نا پالپا مطالبات سے دستبرداری پر تیار ہے نا پی آئی اے پیچھے ہٹنے کو ، ایسے میں مسافر رل گئے ہیں جو مہنگے ٹکٹس خرید کر باکمال لوگوں کی لاجواب سروس سے سفر کرنا چاہتے ہیں۔