اسلام آباد (یو این پی) دنیا بھرمیں ہفتہ کوغربت کے خاتمے کا عالمی دن منایاگیا جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق ایٹمی طاقت کے حامل پاکستان کی ساٹھ فیصد اور بھارت کی 68اعشاریہ 7فیصد آبادی غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔غربت کے خاتمے کا یہ دن 1993 سے منایا جاتا جس کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں باقاعدہ قرار داد منظور کی گئی تھی۔ عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 60 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں پاکستان سے کہیں زیادہ غربت پائی جاتی ہے۔بھارت میں غربت کی شرح 68 اعشاریہ 7 فیصد اور بنگلہ دیش میں ساڑھے 76 فیصد ہے۔ پاکستان میں بے روزگاری ، مہنگائی اور ناخواندگی عوامی زندگی کے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ حکومتی دعووں کے برعکس حالیہ چند برسوں میں غربت میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا۔