وزیرا عظم کی قیادت میں پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن پر آگیا ،اپوزیشن ساتھ دے ‘
شجاع خانزادے کے صاحبزادے کی گفتگو
لاہور( یوا ین پی)کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے و نو منتخب رکن اسمبلی جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ وزیرا عظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن پر آگیا ہے ،اپوزیشن پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری کے منصوبوں میں حکومت کو اپنی مثبت تجاویزدے ،ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کر کے ہی جمہوریت اور نظام کی مضبوطی ممکن ہے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ میرے والد محترم شجاع خانزادہ شہید نے سیاست میں عوام کی خدمت کر کے جو نیک نامی کمائی ہے میں بھی اس پر کاربند رہوں گا ۔میرے والد نے صوبے کو محفوظ بنانے کے لئے بطور وزیر داخلہ جو اقدامات کئے سب اس کے معترف ہیں جسے میں اپنے لئے فخر سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور انکی ٹیم ملک کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے نیک نیتی سے کوشاں ہے جسکے نتیجے میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے ۔انشا اللہ پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بنے گا اور یہ کارنامہ بھی مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی سر انجام پائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پورے قوم کے اتحاد کیو جہ سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے انشا اللہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دے کر جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کی طرح پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھی (ن) لیگ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی جس سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی ۔