پنجاب میں موسم سرما کی بارشوں سے ٹھنڈ، شمالی علاقوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی

Published on October 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 301)      No Comments

111
اسلام آباد(یو این پی) ملک کے شمالی علاقوں، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی موسم سرما کی بارشیں شروع ہو گئی ہیں اور رات گئے لاہور، قصور اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے خنکی بڑھ گئی ہے۔ دوسری طرف بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں پانچ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، پشاور اور چارسدہ کے بعد گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس سے پنجاب میں بھی موسم سرد ہو گیا۔ دوسری طرف بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے جبکہ صوبے میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہرنائی میں ایک مکان پر بجلی گرنے سے تین بچیاں جاں بحق اور تین زخمی ہو گئیں۔اسی طرح لورا لائی کے علاقے دکی میں آسمانی بجلی دو کان کنوں کیلئے پیغام اجل لے کر آئی۔ اس واقعے میں ایک کان کن زخمی ہو گیا۔ خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو میں آسمانی بجلی گرنے سے پولیس چیک پوسٹ پر موجود پانچ اہلکار جھلس گئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔مری اور سوات سمیت کئی پہاڑی مقامات پر برف باری سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا اور شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے۔ مری میں بارش کے بعد برف باری ہوئی جس سے ملکہ کوہسار میں سیاحوں کا رش بڑھ گیا۔ کالام اور مالم جبہ میں برف باری سے تمام مناظر سفید ہو گئے۔ وادی ناران میں برف باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ گئی۔دوسری طرف پشاور، راولپنڈی اور کوئٹہ میں شام ڈھلتے ہی بارش ہوئی جس سے ٹھنڈک میں اضافہ ہو گیا۔ چلاس اور گردونواح میں بارش ہوئی جبکہ بٹوگاٹاپ، بابوسرٹاپ اور نانگاپربت پر بھی برف باری ہوئی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme