اسلام آباد(یو این پی) سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے لیے کے انتخابی مہم چلانے کا وقت ختم ہوگیا جب کہ دونوں صوبوں میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے میدان کل سجے گا۔سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پہلے مرحلے کی پولنگ کل ہوگی جس کے لیے الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ اسٹیشنز کی فہرست جاری کردی ہے جب کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق رات 12 بجے کے بعد جلسے، جلوس اور تشہیر پر مکمل پابندی عائد ہوچکی ہے اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں امیدوار کو نااہل قرار دیا جائے گا۔ پنجاب کے جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں لاہور، فیصل آباد، گجرات، چکوال، بھکر، ننکانہ صاحب، قصور، پاکپتن، اوکاڑہ، لودھراں، ویہاڑی اور بہاول نگر شامل ہیں جب کہ سندھ کے 8 اضلاع سکھر، خیرپور، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور اور قمبرشہدادکوٹ میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔پنجاب میں مجموعی طور پر 16 ہزار 266 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جب کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 12 اضلاع کے 3 ہزار 551 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 8 ہزار 300 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے فیصل آباد میں سب سے زیادہ ایک ہزار 29 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے جب کہ لاہور میں 839، گجرات 182،چکوال میں 265، پاک پتن کے 250،اوکاڑہ کے 99 ، وہاڑی 274، لودھراں 121، بہاول نگر کے 49 ، بھکر 53، ننکانہ صاحب 125 اور قصور کے 265 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔