لاہور /راولپنڈی /ملتان( یو این پی) پنجاب بھر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی ، مریضوں کی مجموعی تعداد 3ہزارسے بھی تجاوز کر گئی ،راولپنڈی میں 24گھنٹے کے دوران مزید 131افراد ڈینگی کا شکار جبکہ ملتان ہسپتال میں مریضوں کی تعداد 314تک جا پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انتظامیہ اور محکمہ صحت ڈینگی مچھر کے سامنے بے بس ہوگئے ۔ قاتل مچھر نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 131افراد کو نشانہ بنا لیا ، مریضوں کی مجموعی تعداد 3ہزار ایک ہوگئی ۔ راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے دن میں دو بار سپرے، کریک ڈان سمیت تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، ڈینگی کی صورتحال خراب سے خراب تر ہو رہی ہے۔ راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز میں جگہ ختم اور سٹاف بھی کم پڑ گیا ، ڈینگی کے شکار مریضوں میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں ، رواں برس راولپنڈی میں ڈینگی دس افراد کی جان لے چکا ہے۔ ملتان میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی تمام تر کوششوں کے باوجود سرکاری ہسپتانوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 314تک جا پہنچی جبکہ 17سو سے زائد مقامات سے ڈینگی لاروا ء بھی برآمد کیا گیا۔ ملتان اور گردونواح میں ڈینگی پر قانو پانے کے لیے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ٹیمیں تشکیل دینے کے باوجود بھی اس میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے جس سے ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 304سے بڑھ کر 314تک جا پہنچی ہے۔محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ڈی سی او آفس میں ڈینگی کنٹرول سنٹر کے قیام کے ساتھ ڈینگی کے حوالے سے میٹنگ بھی کی جا رہی ہیں تاکہ اس مرض سے نجات مل سکے۔