جھنگ(یواین پی) ڈٖسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیض محمدنے ڈسٹرکٹ جیل جھنگ کے دورہ کے دوران چھ نفر حوالاتی اسیران کو جیل سے ذاتی مچلکہ پر فی الفور رہا کرے کا حکم صادر کیا۔اس دوران سول جج وقار احمد سدھو اور محمد شہباز حجازی کے علاوہ جیل سپرنٹنڈنٹ چوہدری الیاس احمداور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹیو حق نواز اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل جاوید رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے معائنہ کے دوران جیل ہسپتال اور لنگر خانہ بھی گئے جہاں انہوں نے قیدیوں کیلئے تیار کیا جانے والا کھانے کا معیارچیک کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسیران /حوالاتی ،نو عمر قیدی اورخواتین کی بیرکس میں بھی گئے جہاں انہوں نے انکے مقدمات اور جیل میں درپیش مسائل کے بارے دریافت کیا۔ انہوں نے جیل میں صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے نظام کو تسلی بخش پاکر سپرنٹنڈ نٹ جیل کو ہدایت کی کہ یہ معیار ہمیشہ کیلئے برقرار رکھا جائے۔فاضل جج نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق اسیران کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ان کی صحت اور علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔