فیصل آباد( یواین پی)گزشتہ روز آستانہ عالیہ لاثانی سرکار پیپلز کالونی نمبر 2 فیصل آباد میں اقبال ڈے کے حوالے سے ایک پُرمسرت تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں فیصل آباد بھر سے مرد و خواتین کمیونٹی ورکرز نے شرکت کی۔تقریب میں عظیم صوفی شاعر علامہ اقبال ؒ کی لازوال خدمات پر زبر دست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان جناب صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ نے اپنی شاعری سے مسلمانوں میں شعور خودی پیدا کیا ،اور شاعری سے مسلمانوں میں تحریک پاکستان کیلئے ایک نیا جوش و جذبہ پیدا کیا۔قیام پاکستان کیلئے ان کی خدمات لازوال ہیں۔نئی نسل کی اصلاح اور تربیت کیلئے آج بھی انکی شاعری مشعل راہ ہے۔اردو اورفارسی ادب میں علامہ اقبال ؒ کا کوئی ثانی نہیں ہے۔قرآن و حدیث کو انہوں نے جس طریقے سے اپنی شاعری میں پرویااسکی مثال تاریخ میں موجود نہیں۔انکی شخصیت کا خاصہ صوفیانہ طر زفکر تھا ،جس نے انکی شاعری میں قلیدی کردار ادا کیا۔ہم اس عظیم صوفی شاعر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔حکومت پاکستان کو چاہیے کہ اقبال ڈے پر خصوصی فورمز کا اہتمام کرے تاکہ نئی نسل کو علامہ اقبال ؒ کی ادبی اور صوفیانہ شخصیت سے روشناس کرانے میں آسانی پیدا ہو سکے۔