وہاڑی(یواین پی)ڈی سی او ناصر جمال ہوتیانہ نے کہا ہے کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے پنجاب حکومت ترقی دادہ اقسام کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے اس مقصدکے لیے ضلع وہاڑی کے ہر گاؤں کے ایک کاشتکار کو قرعہ اندازی کے ذریعے چار ایکڑ کے لیے گندم کا اعلی قسم کا بیج مفت فراہم کیا جا رہا ہے یہ بات انہوں نے ڈی او زراعت وہاڑی کے دفتر میں کاشکاروں کو مفت گندم کا بیج فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ای ڈی او زراعت چودھری مشتاق علی ، ڈ پٹی ڈائریکٹر ایڈاپٹو ریسرچ معین الدین خان، ڈی او زراعت شیخ یسین ، ڈی ڈی او زراعت اسماعیل وٹو ، کاٹن باٹنسٹ ڈاکٹرمحمد سرور،زراعت آفیسر محمد ریاض ، فیلڈ اسسٹنٹ محمد مشرف اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی ڈی سی او ناصرجمال ہوتیانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو حکومت کی طرف سے گندم کاجو بیج فراہم کیا جا رہا ہے اس کی اوسط پیداوار80من سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ کاشتکار صرف محکمہ زراعت کی مشاورت سے گندم کے ترقی دادہ اقسام کے بیج کاشت کریں تاکہ ان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے ان کے پیداواری اخراجات میں کمی اور آمدن میں اضافہ ممکن ہو اورپنجاب حکومت کی منشاء بھی یہی ہے کہ ہمارے کاشتکار کی فی ایکڑ پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ ہو انہوں نے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت بارے اپنے ذاتی تجربات سے بھی آگاہ کیا اس موقع پر ای ڈی او زراعت چودھری مشتاق علی نے بتایا کہ ضلع وہاڑی میں743گاؤں میں ہر گاؤں کے ایک کاشتکار کو چار ایکڑ اراضی کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے مفت بیج فراہم کیا جا رہا ہے جس کے لیے8ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں اور محکمہ زراعت، محکمہ مال کے افسران،گاؤں کی مساجد کے امام ، دو معززین پر مشتمل پانچ پانچ رکنی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور مساجد میں قرعہ اندازی کے ذریعے کاشتکاروں کا چناؤ کیا گیا سارے عمل کو نہایت شفاف بنایا گیا انہوں نے کہا کہ گلیکسی قسم کا گندم کا یہ بیج کاشت کرنے والا کسان آئندہ فصل پر اس گندم کا بیج اپنے ہی گاؤں کے دیگر کاشتکاروں کو گندم کی قیمت پر دینے کا پابند ہے اس اقدام کا مقصد کاشتکاروں کو اچھی قسم کا بیج فراہم کر کے فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانا ہے انہوں نے کہا کہ تمام کاشتکار اپنے متعلقہ زراعت افسر کے دفتر میں موجود سیڈ گریڈر کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے کاشت سے پہلے بیج کو پراسس کرلیں تاکہ انہیں بہتر پیداوار میسر آسکے اس موقع پر ڈی سی او ناصر جمال ہوتیانہ نے ای ڈی او زراعت چودھری مشتاق علی کے ہمراہ کاشتکاروں میں گندم کے بیج کے تھیلے تقسیم کئے