سرگودھا(یو این پی)سرگودھا میں ایک خاتون نے سات ووٹ کاسٹ کردیے، بدین میں پیپلزپارٹی رہنما اور نواب شاہ میں پولنگ عملہ لوگوں سے اپنے سامنے ووٹ کاسٹ کراتے رہے،یوسی نو کے وارڈ چار میں ایک خاتون ووٹر نے ایک دو نہیں پورے سات ووٹ بھگتائے، اس دوران پولنگ عملہ خاموش تماشائی بنا رہا ،ڈی سی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پریزائیڈنگ افسر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا،بدین میں پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری عزیزمیمن یوسی 11 میں زبردستی ووٹ ڈلوانے میں مصروف رہے ، انہوں نے پریزائیڈنگ افسرسے بھی بدتمیزی کی،نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر مرد پولنگ عملہ نہ صرف تعینات رہا بلکہ وہ خواتین سے اپنے سامنے ووٹ بھی کاسٹ کرواتا رہا،سندھ میں دونوں مقامات پر ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔