جھنگ(یو این این)ضلع بھر میں پانچ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تحصیل جھنگ کی 43 یونین کونسلوں میں چئیرمین اور وائس چئیرمین کے 182پینل الیکشن لڑ رہے ہیں ۔یونین کونسل آٹھ سے مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ چئیرمین کے امیدوار مہر اسلم بھروانہ اور وائس چئیرمین محمد انور پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں ۔ان 43 یونین کونسلوں میں کل چارلاکھ 78 ہزار 536 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے دو لاکھ 71 ہزار 560 مرد اور دولاکھ چھ ہزار 976 خواتین ووٹر ز شامل ہیں ۔تحصیل جھنگ کی 43 یونین کونسلوں کیلئے مسلم لیگ ن نے 24،تحریک انصاف نے چار اور ق لیگ نے ایک یونین کونسل میں ٹکٹ جاری کئے ہیں ۔اس تحصیل میں مسلم لیگ ن کے دو گروپوں کی وجہ سے اکثر یونین کونسلوں کو اوپن رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ن لیگ بمقابلہ ن لیگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔شاہ جیونہ،چنڈ بھروانہ ،پیر کوٹ سدھانہ ،منڈی شاہ جیونہ ،قادر پور اور سلیانہ سمیت 20 کے قریب یونین کونسلوں میں سابق وفاوقی وزیر سید فیصل صالح حیات کے حمایت یافتہ امیدوار وں کا مسلم لیگ ن سے کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔تحصیل جھنگ کی یونین کونسل ایک سے چئیرمین کے امیدوار فیصل صالح حیات کے بھائی مخدوم سید اسد حیات کا ون ٹو ون مقابلہ مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار غلام عباس سے ہو گا۔