حکومت صحافیوں کا تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے‘ غازی شاہد رضا علوی
اسلام آباد(یواین پی)کالمسٹ کونسل آف پاکستان کی صحافی بابر مغل کے بیٹے کے قتل کی شدید مذمت، کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر غازی شاہد رضا علوی نے کالم نویسوں اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستان صحافیوں کیلئے خطرناک ترین ملک بن چکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافی بابر مغل کے بیٹے کو اغواء برائے تاوان کے بعد قتل کیا جانا پورے ملک کی صحافتی برادری کیلئے ایک دلخراش واقعہ ہے، انہوں نے بابر مغل کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ رب العزت انہیں صبر عطا فرمائے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد واقعہ کے ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے، کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے ہنگامی اجلاس میں صدر سی سی پی ایم ۔اے۔تبسم، سینئر نائب صدر عقیل خان، نائب صدر امتیاز علی شاکر، جنرل سیکرٹری فیصل اظفر علوی، انفارمیشن سیکرٹری انجینئر اصغر حیات ، چیئرمین ایکشن کمیٹی وسیم نذر، صدر (سندھ) جاوید اقبال صدیقی، صدر (پنجاب) حافظ جاوید الرحمن قصوری، کنوینر میر افسر امان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور بابر مغل کے صاحبزادے کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔