دبئی(یوا ین پی)پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج)جمعرات کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ پاکستانی ٹیم شاہد خان آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی ٗ انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض ایون مورگن انجام دیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 سے ہرایا، انگلینڈ نے ون ڈے سیریز میں شاندار کم بیک کیا اور چار میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کر لی۔ ٹی 20 سیریز میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ 27 نومبر کو دبئی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 30 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان اورانگلینڈکی ٹیموں کے مابین یواے ای میں 5ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے جن میں سے3میچ انگلینڈ نے جیتے جبکہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔یواے ای میں پاکستان کی کامیابی کاتناسب40فیصداورانگلینڈکی کامیابی کاتناسب60فیصدہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین انگلینڈمیں4ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے ۔جن میں سے انگلینڈنے3اورپاکستان نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔انگلینڈمیں پاکستان کی کامیابی کاتناسب25اورانگلینڈکی کامیابی کا تناسب 75 فیصدہے۔ جبکہ پاکستان اورانگلینڈکی ٹیموں کے مابین نیوٹروینیوپر6میچ کھیلے گئے جن میں سے4میچ انگلینڈنے جیتے اور2 میچ پاکستان نے جیتے ۔ نیوٹر وینیو پر انگلینڈکی کامیابی کاتناسب66.66فیصداورپاکستان کی کامیابی کاتناسب33.33فیصدہے۔