پاک افواج کے پیشہ ورانہ امور اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات پرتبادلہ خیال
دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، شہبازشریف
لاہور(یوا ین پی)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاکی جنگ ہے، پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ شہبازشریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان اہم ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات میں پاک افواج کے پیشہ ورانہ امور اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو شہدا کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے، پاک افواج کے افسروں اور جوانو ں نے بہادری اور جرات کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں۔