کراچی (یوا ین پی) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری مخدوم امین فہیم کے انتقال سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ہالا سے الیکشن لڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم نے خود بھی اپنے انتقال سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری اپنی پارلیمانی سیاست کا آغاز ہالا سے کریں گے، مرحوم امین فہیم نے اس قسم کی وصیت بھی کی تھی۔ دوسری طرف سروری جماعت کے رہنما و مریدین ہالا کی اس نشست کو سروری جماعت کا حق تصور کرتے ہیں۔ مخدوم خاندان اور سروری جماعت کے نئے سربراہ و گدی نشین مخدوم جمیل الزماں اس سلسلے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر رائے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں جاتی نظر آرہی ہے۔ البتہ اس سلسلے میں ابھی تک مخدوم خاندان کی طرف سے کسی قسم کی وصیت کے بارے میں انکشاف نہیں کیا گیا۔