اسلام آباد (یو این پی)وفاقی دارالحکومت میں پہلے بلدیاتی انتخابات کیلئے میدان آج سجے گا ، 32 دیہی اور18 شہری یونین کونسلز پر2 ہزار 396 امیدوارمدمقابل ہیں۔تفصیلات کےمطابق جلسہ ، جلوس، ووٹرز کا خون گرمانےکا مرحلہ کل رات ختم ہوچکا اب عوام بیلٹ بکس میں ووٹ کی پرچی ڈال کر امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرینگے اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات کے لیے 50 یوسیز میں تقریباً 2400 امیدوار قسمت آزمارہےہیں ، سیکیورٹی کیلئے فوج ،رینجرز ،ایف سی اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے،،39 لاکھ 15 ہزار 900 بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں پریذائڈنگ افسران کے حوالے کر دیے ہیں۔وفاقی دارالحکومت کی 50 یوسیز میں پولنگ کا آغاز صبح سات بجے ہوگا اور یہ سلسلہ شام ساڑھے5 بجے تک جاری رہے گا،پولنگ کے آغاز میں تاخیر کی روایتی شکایات سے بچنے کےلیے عملے کو 2 گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت تو کردی گئی ہے ،تاہم پولنگ کے دن تعطیل نہ ہونے کے باعث کم ٹرن آؤٹ کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہےہیں ۔کسی بھی گڑ بڑسے بچنے کےلیے فوج ، رینجرز اور پولیس کے 7ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے ۔پریذائیڈنگ افسروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دے دیے گئے ہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر موقع پر سزا سناسکتے ہیں ۔ پولنگ عمل کی نگرانی اور شکایات سننے کےلیے مانیٹرنگ روم بھی قائم کر دیا گیا ہے چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن شکایات وصٓول اور ان کے ازالے کے تمام عمل کی خود نگرانی کریں گے۔