جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)میڈیا ہاؤسز پر حملے دہشتگردی کی بزدلانہ کاروائی اور آزادی صحافت کو سلب کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیا سے وابستہ افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مثالی تعاون کو فروغ دیکر ایسے واقعات کی بیخ کنی کریں ۔ یہ با ت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو نے میڈیا ہاؤسز پر حالیہ حملوں کے ضمن میں محکمہ داخلہ کی ہدایت پر ضلع جھنگ میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے دفاتر پر سیکورٹی انتظامات کے سلسلہ میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ ایک اجلاس میں کہی۔ ایڈیشنل ایس پی عادل میمن اور پی آر او علی رضااس موقع پر موجود تھے۔ ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھونے میڈیا پر زورد یا کہ وہ اپنے اپنے دفاتر کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرو ں کے ذریعے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کریں ۔ سیکورٹی الارم کی تنصیب کروائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رسپانس ٹائم کو کم سے کم کیا جاسکے۔انہوں نے پی آر او علی رضا کو فوکل پرسن مقرر کیا اور میڈیا کے افراد کو ہدایت کی کہ وہ کسی تھریٹ الرٹ کی صورت میں فوری اطلاع فوکل پرسن کو دیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے دفاتر کا مکمل سروے کیا جائیگا محافظ سکواڈ اور پولیس سے وابستہ دیگر موبائل یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میڈیا کے دفاتر کی کڑی نگرانی کریں اس بات کی مانیٹرنگ بھی کریں کہ ان عمارتوں کے ارد گرد کس قسم کے افراد رہائش پذیر ہیں مزید برآں دفاتر کی سنیپ پکٹنگ کریں۔