اسلام آباد(یواین پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے طلبہ نے عوام کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانے میں مدد گار اور مفید نئے سائنسی آلات ایجاد کئے ہیں ٗ ان طلبہ کو اپنے پراجیکٹس پیش کرنے کے لئے اوپن یونیورسٹی بہت جلد ایک قومی کانفرنس منعقد کرے گی جس کے دوران اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کے کامیاب پرجیکٹس کی نہ صرف نمائش منعقد ہوگی بلکہ ان کے ایجاد کئے گئے سائنسی آلات کا مقابلہ بھی ہوگا۔ اس قومی مقابلے میں ملک بھر سے موجد حصہ لے سکیں گے۔ پہلے تین پوزیشن ہولڈز کو نقد انعامات دئیے جائیں گے”یہ اعلان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے شعبہ فزکس کے زیر اہتمام سائنس کے موضوع پر تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ورکشاپ میں ملک کے مختلف تعلیمی اداروں سے سینئر اساتذہ اور ریسرچرز کی ایک بڑی تعداد شریک ہے۔ ورکشاپ کے دوران ایک سافٹ وئیر بھی متعارف کیا جائے گا ٗ جس کے ذریعہ عملی طور پر کسی لیبارٹری میں جائے بغیر اور تجربات کئے بغیر طلبہ اپنا ریسرچ کا کام کرسکیں گے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا چاھتی ہے اور بتدریج ای لرننگ اور آن لائن ایجوکیشن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہ کہ جن طلبہ کو پریکٹیکل کام کے لئے لیبارٹری و غیرہ کی سہولت مئیسر نہیں ٗ یونیورسٹی انہیں آئندہ چند ماہ میں جرمنی کا تیار کردہ سب سے جدید سپر کمپیوٹر فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو ان کے تحقیقی کام سے جانا جاتا ہے اس لئے اوپن یونیورسٹی ریسرچ کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ڈین فیکلٹی آ ف سائنس ٗ پروفیسر ڈاکٹر نغمانہ رشید نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے بھی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ورکشاپ کے ریسورس پرسنز میں ڈاکٹر اے غازی ٗ ڈاکٹر نثار احمد ٗ ڈاکٹر اشفاق احمد ٗ ڈاکٹر محبوب صادق اور ڈاکٹر ثریا مختار شامل تھے۔