ریاض(یو این پی)سعودی عرب میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بارسترہ خواتین منتخب ہو چکی ہیں۔تفصیلات کےمطابق سعودی عرب میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اب تک کے نتائج میں کامیاب ہونے والی خواتین امیدواروں میں سالمہ بنت خزاب العتیبی،الاحساء گورنری سے سناء الحمام معصومہ عبدالرضا، تبوک سے منیٰ العمیری، شمالی علاقے الجوف سے ایک، جدہ سے دو اور القطیف سے ایک خاتون امیدوار کی کامیابی کی اطلاعات ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ہفتے کے روز سعودی عرب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔انتخابات میں رجسٹرڈ خواتین ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی جبکہ پانچ ہزار نوسو اڑتیس مرد امیدواروں کے ساتھ نوسو اٹھہتر خواتین بھی شامل تھیں۔