جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھونے کہا ہے کہ شہدائے کرام اپنے خون کی قربانی دیکر نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ ملک میں دہشگردی کے خلاف جنگ کرکے عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں۔ دہشتگردہماری فوج اورپولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ملک اور قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ان کے لواحقین سے صرف قومی تہوار پر ہی نہیں بلکہ ہمیشہ ہمدردی او ر تعاون کرنا چاہیے کیونکہ انہیں ہمارے پیار او ر محبت کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن جھنگ بسلسلہ یاد شہداء آرمی پبلک سکول پشاور اور شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالہ سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی عادل میمن ، ریزرو انسپکٹر خضر حیات، پی آر او علی رضا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ پولیس افسران ،میڈیا اور شہدائے پولیس کے ورثاء نے شرکت کی۔ ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے کہا کہ آج کی تقاریب شہداء اور کارکنان پاکستان کی یاد کو تازہ کرتی ہیں اس قسم کے دن منا کر قوموں میں جذبہ پیدا کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہادت ایک نعمت ہے شہداء ہم سے بچھڑ ضرور گئے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے ہاں جو رتبہ انہیں ملا وہ خدا ہی جانتا ہے۔شہدائے پولیس کے لواحقین کی مدد کیلئے ضلعی پولیس ہمہ وقت حاضر خدمت ہے انہوں نے شہدائے ورثاء سے کہا کہ انہیں کوئی مسلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک انہیں آگاہ کرسکتے ہیں۔تقریب میں ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 39شہدائے پولیس کے ورثاء میں ایک لاکھ95ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے گئے اور آخر میں شہدائے کے بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔