وزیراعظم محمد نواز شریف/ صدر مملکت ممنون حسین کا عیدمیلادالنبیﷺ پر قوم کے نام پیغام

Published on December 24, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 422)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حضورؐسے محبت کا سبindex سے بڑا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے درمیان پائے جانے والے علاقائی، مسلکی اور سیاسی اختلافات کو مفاہمتی حکمتِ عملی کی روشنی میں حل کر یں۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پرجو (آج)جمعرات کو ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے،قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے پیغمبرِ اسلام رحمۃ اللعالمین حضرت محمدؐ کے یومِ ولادت پر اہلیانِ وطن کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس نے ہمیں نبی ؐرحمت کی اُمت ہونے کا شرف بخشا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبیؐ پاک کے ذریعے ہمیں اپنا پسندیدہ دین عطا فرمایا، اسلام دینِ رحمت ہے، اللہ تعالیٰ انسان اور انسانی فطرت کا خالق ہے۔اُس نے اپنے بندوں کی بہتری اور رہنمائی کیلئے نبی کریم حضرت محمدؐ کی آفاقی شخصیت کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کی تکمیل کے لئے جتنی اعلیٰ وارفع تعلیمات کی ضرورت ہو سکتی ہے اُن سب کی تعلیم ہمیں حضورؐ نے دی ہے اور خود اس پر عمل کر کے دکھایا ہے ۔ آپؐ نے کوئی ایسی بات نہیں فرمائی جس پر خود عمل کر کے نہ دکھایا ہو۔اسی لئے آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں اُمت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کا کردار، عمل اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ اِن پر عمل کرنا صراطِ مستقیم پر چلنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرورِ کونین حضرت محمدؐ کی بعثت سسکتی ہوئی مخلوق اور مرجھائے ہوئے باغِ انسانیت کیلئے اَبرِبہار کی حیثیت رکھتی ہے- وزیراعظم نے کہا کہ ہم الحمد للہ مسلمان ہیں-اللہ اور اُس کے رسولؐ کی محبت ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے، آپؐ کی محبت کا سب سے بڑا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے درمیان پائے جانے والے علاقائی، مسلکی اور سیاسی اختلافات کو مفاہمتی حکمتِ عملی کی روشنی میں حل کر یں ۔ حضورؐ نے تمام مسلمانوں کو جسد واحد کی مانند قرار دیا ہے ۔ باہمی اتفاق واتحاداور مشاورت ہی میں ہم سب کی بقاء اور سربلندی ہے۔مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کی تلقین ہمارے دین میں کی گئی ہے۔ رسولِ اکرمؐ کی سنت سے بھی یہی سبق حاصل ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسنِ انسانیت حضور اقدسؐ کی شفاعت نصیب فرمائے اور پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آج دنیا کو تعلیمات نبویؐ سے روشناس کرانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف اپنی عاقبت سنواردیں بلکہ باقی دنیا کے لیے بھی رول ماڈل بن جائیں۔عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے مو قع پر پوری ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حضو ر رحمت للعالمینؐ کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں اس دنیا کو دکھوں اور مسائل سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری ہے۔ صدر نے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کی سیرت اور آپؐ کی سنت کی پیروی پر پوری انسانیت کی کامیابی کا انحصار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجتہ الوداع کے موقع پر آپؐ کا خطبہ اورآپؐ کا عمل ہمیں رنگ و نسل ،علاقائی، لسانی و ذاتی تعصبات سے پاک زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے۔ آپؐ کا پیغام کسی خاص علاقے یا قوم تک محدود نہیں بلکہ پو ری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ نے ہمیں میانہ روی، اعتدال اور عدل قائم کرنے کی ہدایت کی اور ہر قسم کی شدت پسندی اوردہشت گردی کو اسلام کے اصولوں کے منا فی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی طرزِ حیات اورطرزِ فکر کی اصل بنیاد ا ن ہی اصولوں پر قائم ہے اور ان ہی پر عمل میں ہماری نجات ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آج دنیا کو تعلیمات نبویؐ سے روشناس کرانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف اپنی عاقبت سنواردیں بلکہ باقی دنیا کے لیے بھی رول ماڈل بن جائیں۔ سیرت طیبہؐ پر عمل کرتے ہوئے بھلائی اور خدمتِ خلق کے کاموں میں اپنا نام پیدا کریں اور ہر اُس کام سے کنارہ کشی اختیار کریں جس سے کسی کی جان، مال، عزت اور آبرو کوزرہ برابر بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیرت طیبہؐ سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں نبی اکرمؐ کے اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطافرمائے اور وطنِ عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا ئے جسے دیکھنے کے لیے ہم سب کی نگاہیں منتظر ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy