بوریوالا(یواین پی)سابق ممبر قومی اسمبلی چودھری نذیر احمد جٹ نے کہا ہے کہ بوریوالہ کے عوام نے شیر کو ووٹ دے کر بوریوالہ کے ترقی کے سفر کو پیچھے کی طرف دھکیل دیا ہے۔ جبکہ ہم نے بوریوالہ کی تعمیر و ترقی کا جو سفر پہلے جاری کیا ہوا تھا۔ اب ہمیں دوبارہ سے شروع کرنا پڑے گا۔ شہری مضرصحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ جبکہ ہمارے دور میں تعمیر کئے گئے پچیس ٹیوب ویل ابھی تک چالو نہیں کروائے جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پبلک سیکریٹیریٹ میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران میٹرو چلانے پر لگے ہوئے ہیں۔ جبکہ لاہور میں بھی شہری مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے اپنے علاقوں میں پھیل جائیں۔ اور ناراض کارکنوں کو دوبارہ اکٹحے کریں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے کا لا باغ ڈیم کی تعمیر بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے دس سالہ دور اقتدار میں ہر ایک بات کی جانچ پڑتال کرتا تھا۔ کہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو۔ اسی لئے آ رام کی نیند سوتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد آپ کو ایک بڑی خوشخبری دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بوریوالہ کے موجودہ ممبران اسمبلی کی کوئی نہیں سنتا جبکہ میری بات سنی جاتی ہے۔ اس موقع پر نذیر جٹ گروپ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران شامل ہونے والے انتظار حسین قریشی، محمد سعید اختر قریشی، ملک حاجی محمد حنیف اور عبدالعزیز بگا نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ چودھری نذیر احمد جٹ عوامی لیڈر ہیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری نذیر احمد جٹ گروپ آئندہ الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گا۔ تقریب میں نقابت کے فرائض عبدالمجید سالک نے انجام دیئے۔ جبکہ تقریب میں چئیر مین سٹی پریس کلب ملک محمد نعیم جاوید، محمد شبیر فریدی، محمد محفوظ الحق قادری اور ملک طالب حسین سمیت دیگر نمائندہ افراد اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔