لاہور(یو این پی) لاہور میں لیڈی ڈاکٹر کے ہاں بیک وقت تین بیٹو ں کی پیدا ئش، ماں سمیت تینوں بچے مکمل صحت مند اور خیر و عافیت سے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیروز پور روڈ لاہور کے علاقے شمع سینما کے قریب واقع ایک نجی ہسپتال میں تین بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ بچوں کی ماں ڈاکٹر شائمہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں جو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالا شاہ کاکو کیمپس بائیو میڈیکل ڈیپارٹمنٹ میں لیکچرر جب کہ نومولود بچوں کا باپ بھی یوای ٹی میں ہی لیکچرر ہے۔بچوں کے نانا پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد اسرائیل فاروقی سابق صدر شعبہ علوم اسلامیہ یوای ٹی لاہور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں کہ اس نے اپنے خاص فضل و کرم سے ہمیں بیک وقت تین بیٹوں سے نوازا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری فیملی میں تین بچوں کی بیک وقت پیدائش کا پہلا واقعہ ہے جس پر ہمارا سارا خاندان بہت خوش اور اللہ کا شکر گزار ہے ۔تینوں نومولود بچوں کے نام بالترتیب عبداللہ، قاسم اور معوذ رکھے گئے ہیں۔