گجرات سے سرائے عالمگیر، کوٹلہ ارب علی خان، ڈنگہ جلال پور جٹاں اور منگووال کیلئے سٹی ٹرانسپورٹ چلائی جائے ۔ فرینڈز آف کھاریاں کا مطالبہ
گجرات( محمد آصف)گجرات سے سرائے عالمگیر، کوٹلہ ارب علی خان، ڈنگہ جلال پور جٹاں اور منگووال کیلئے سٹی ٹرانسپورٹ چلائی جائے ۔ فرینڈز آف کھاریاں کا مطالبہ۔ ضلع گجرات کا صدر مقام گجرات شہر ایک صنعتی اور تجارتی مرکز ہے۔ جس کیلئے ضلع گجرات کے ہزاروں شہری روزانہ ملازمت،تعلیم، اور کاروبار کیلئے گجرات شہر کیلئے سفر کرتے ہیں۔ جس کیلئے ضلع گجرات میں پبلک ٹرانسپورٹ کی حالت انتہائی خستہ حال ہے۔ ٹیوٹاہائی ایس کے مالکان اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کے ذریعے صنعتی کارکنوں اور سرکاری ملازمین کے علاوہ خواتین سے انتہائی نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر و بیشتر کنڈیکٹر اور مسافروں کے درمیان لڑائی جھگڑے تک نوبت پہنچ جاتی ہے۔ فرینڈز آف کھاریاں کے چیئرمین چوہدری اختر علی اور جنرل سیکرٹری لیاقت علی قادری ، چیف آرگنائزر میاں محمد صفدر نے ضلع گجرات کے ارباب اقتدار اور ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ سے اس اہم عوامی مطالبہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ،فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی کی طرح ضلع گجرات میں بھی پنجاب حکومت ،ضلعی حکومت کے ذریعے سٹی ٹرانسپورٹ سروس کا اجراء کر کے ہزاروں شہریوں کو سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ سہولت مہیا کرے۔ ایک سروے رپورٹ کے مطابق ٹیوٹا ہائی ایس میں سفر کرنے والے تیس فیصد شہری کمر درد اورمہروں کے امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے آرتھوپیڈک سرجن لیبارٹری رپورٹس اور کنسلٹنگ فیس کی مد میں ہزاروں روپے غریب شہریوں سے بٹور رہے ہیں۔ جبکہ ضلع گجرات کی تیس لاکھ آبادی کیلئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں اور ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ میں دو آرتھوپیڈک سرجن کام کر رہے ہیں۔ جو کہ ضلع گجرات کے مریضوں کیلئے ناکافی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اشرف آف دیونہ نے ضلع گجرات میں سٹی ٹرانسپورٹ سروس کیلئے صوبائی اسمبلی میں ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے۔
سی پی ایل سی کے چیئرمین چوہدری اختر علی کا ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ تھانہ بولانی کادورہ
گجرات… سی پی ایل سی کے چیئرمین چوہدری اختر علی کا ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ تھانہ بولانی کادورہ۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ تھانہ بولانی کے ریکارڈ اور بلڈنگ کا تفصیلی معائنہ کیا اور تھانہ بولانی کی کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ بولانی غلام قادر کو شاباش دی۔ گزشتہ روز سٹیزن پولیس لائزان کمیٹی کے چیئرمین چوہدری اختر علی ایگزیکٹو ممبران راجہ محمد انور، چوہدری افتخار احمد معروف، سیکرٹری نشرو اشاعت لیاقت علی قادری اور سی پی ایل سی ممبر راجہ عمران لطیف جلالیہ کے ہمراہ تھانہ بولانی کا سرپرائزنگ وزٹ کیا۔ اور اس موقع پر انہوں نے اپنے ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ تھانہ بولانی کی کارکردگی اور مسائل کے متعلق ایس ایچ او سب انسپکٹر غلام قادر سے تفصیلاً بریفنگ لی۔ جس کے بعد سی پی ایل سی چیئرمین چوہدری اختر علی اور اُن کے ہمراہ سیکرٹری نشرو اشاعت لیاقت علی قادری، ایگزیکٹو ممبران چوہدری افتخار احمد معروف، راجہ محمد انور، راجہ نعمان لطیف نے تھانہ بولانی کی کارکردگی پر اطمینان کا ظہار کیا اور شاباش دی۔ اس موقع پر تھانہ بولانی کے تمام ملازمین بھی موجود تھے۔
میونسپل کمیٹی کے نو منتخب کونسلر چوہدری اسفند یار علی کے خلاف دوہری شہریت کی رٹ خارج
گجرات…میونسپل کمیٹی کے نو منتخب کونسلر چوہدری اسفند یار علی کے خلاف دوہری شہریت کی رٹ خارج۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کھاریاں کے وارڈ نمبر دس سے پی ٹی آئی کے نومنتخب کونسلر چوہدری اسفند یار علی کے خلاف مسلم لیگ(ن) کے مقامی راہنما خان اسلم کے بھائی ماجد خان نے ہوئی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے نو منتخب کونسلر چوہدری اسفند یار علی ولد چوہدری اصغر علی سابق ناظم کھاریاں سٹی یو ۔کے کے شہری ہیں، پاکستانی قوانین کے مطابق دوہری شہریت والا شہری پاکستان کے انتخابات میں بطور امیدوار حصہ نہیں لے سکتا۔ لہٰذا چوہدری اسفند یار علی کو بطور کونسلر نا اہل قرار دیا جائے۔ گزشتہ روز چوہدری اسفند یار علی کی طرف سے اُن کے وکیل اویس احمد نے موئقف اختیار کیا کہ چوہدری اسفند یار علی گزشتہ ایک سال سے یو۔کے کی نیشنلٹی ختم کر کے صرف پاکستانی نیشنلٹی رکھتے ہیں۔ لہٰذا چوہدری اسفند یار علی کے خلاف رٹ خارج کر کے الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ وہ چوہدری اسفند یار علی کو وارڈ نمبر دس سے میونسپل کمیٹی کا کامیاب کونسلر قرار دے۔ جس پر لاہورہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان نے ماجد خان کی طرف سے دائر کی گئی رٹ خارج کر دی۔ چوہدری اسفند یار کے خلاف رٹ خارج ہونے کی خبر جب کھاریاں شہر پہنچی تو پی ٹی آئی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ کیونکہ چوہدری اسفند یار علی میونسپل کمیٹی کھاریاں کیلئے پی ٹی آئی کی طرف سے متفقہ نامزد امیدوار ہیں۔