لاہور (یو این پی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سالِ نو کا آغاز شاندار آتش بازی سے کیا گیا جب کہ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر امڈ آئی۔کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نئے سال کی آمد کا شاندار استقبال کیا گیا، رات 12 بجتے ہی سال 2016 کو خوش آمدید کہنے کے لیے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی جب کہ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر امڈ آگئی۔ نئے سال کی آمد پر کراچی اور حیدر آباد سمیت دیگر شہروں میں ہوائی فائرنگ کی گئی، کراچی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکال کر سڑکوں پر نکل آئی اور نیوایئرنائٹ کو خوش آمدید کہا۔کراچی میں نئے سال کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے ساحل سمندر جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا لیکن اس کے باوجود منچلوں کی بڑی تعداد رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ساحل پر پہنچ گئی۔لاہور میں مال روڈ پر منچلوں کی بڑی تعداد نکل آئی اور خوب ہلہ گلہ کیا جب کہ اس موقع پر مینار پاکستان کے گرد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان پر رنگ و نور کی بارش ہوگئی، آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔