لاہور (یو این پی) پنجاب میں روزانہ حوا کی 9 بیٹیوں کی عزت تار تار کردی جاتی ہے جبکہ اکثر مقدمات میں متاثرین کے ساتھ انصاف نہیں ہو پاتا۔ محکمہ پولیس پنجاب کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق سال 2015ءکے گیارہ ماہ کے دوران 2766 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں انفرادی زیادتی کے 2555 جبکہ اجتماعی زیادتی کے 211 مقدمات شامل تھے۔ اگر اوسط نکال کر دیکھا جائے تو پتا چلتا ہے کہ صوبہ بھر میں حوا کی بیٹیوں کو بے آبرو کئے جانے کے روزانہ 9 مقدمات درج ہوئے۔ملک میں سب سے زیادہ پرامن سمجھے جانے والے صوبہ پنجاب میں ہر دوسرے دن حوا کی ایک بیٹی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنی۔ بچیوں اور عورتوں کے ساتھ انفرادی زیادتی کے کل 2555 مقدمات میں سے 538 مقدمات مختلف وجوہات کی بنیاد پر منسوخ ہوئے اور 1750 مقدمات میں ملوث ملزمان کے چالان عدالت میں پیش کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں پہنچایا گیا۔ اسی طرح چارمقدمات عدم پتا قرار دے کر ان کی تحقیقات بند کر دی گئیں جبکہ 263 مقدمات اب بھی زیرتفتیش ہیں۔