اسلام آباد(یو این پی) پاک فوج کیلئے ایک اور اعزاز، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف دنیا کے 10 بہترین جنرلز میں سے پہلی پوزیشن پر آ گئے، امریکی فوج کے سربراہ مارٹن ڈمپسی دوسرے جبکہ بھارتی جنرل دلبیر سنگھ 8 نمبر پر رہے۔ امریکی ادارے اے بی سی کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں ساکھ کافی کمزور ہو چکی تھی اور ملک دہشت و وحشت کے گرداب میں گھرا ہوا تھا۔ ایسے میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف پاکستانی قوم کے لیے ایک مسیحا بن کر آئے اور قوم کو امن و آشتی کی نوید سنائی۔ انہوں نے نہ صرف پاک فوج کی گرتی ہوئی ساکھ کو پھر سے اوجِ کمال بخشا بلکہ کچھ اس انداز میں دہشت کے سوداگروں کے مقابل صف آرا ہوئے کہ قوم کے ہیرو قرار پائے۔ دہشت گردوں کی سرکوبی اور پاکستان کی ہر آفت و مصیبت میں خدمت کے باعث آج جہاں وہ قوم کی آنکھوں کا تارہ ہیں وہیں عالمی برادری میں بھی ایک معتبر مقام پا چکے ہیں۔ اب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک ایسا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے جس سے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہو گئے۔ عالمی فوجی کمانڈروں کی درجہ بندی کی فہرست میں جنرل راحیل شریف کو دنیا کا بہترین آرمی کمانڈر قرار دے دیا گیا۔ اے بی سی نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ملک کے اندر اور باہر موجود دشمنوں سے انتہائی موثر انداز میں نمٹنے اور دہشت گردی کی جنگ میں اعلی کارکردگی پر دنیا کا بہترین کمانڈر قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے استحکام کے لیے کئی کامیاب فوجی آپریشنز کیے اور دہشتگردی کا ناسور جو دہائیوں سے ملک کے رگ و پے میں سرایت کر چکا تھا اس کے خاتمے میں حیران کن کامیابیاں حاصل کیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ایسے ہی ملٹری کمانڈر ہیں جنہوں نے افواج پاکستان کو سنگل آرڈر سے کنٹرول کیا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے دس بہترین جنرلز میں سے دوسرے نمبر پر امریکہ کے چیف آف آرمی سٹاف مارٹن ڈمپسی، تیسرے نمبر پر چین کے فینگ فنگ ہوئی، چوتھے نمبر پر روس کے والرے گراسیموف، پانچویں نمبر پر ترکی کے ہولوسی اکار، چھٹے نمبر پر برطانیہ کے نک ہوفٹن، ساتویں نمبر پر جنوبی کوریا کے چون یون ہی ائے، پاکستان کے روایتی حریف بھارت کے جنرل دلبیر سنگھ دس بہترین جنرلز کی فہرست میں 8 نمبر پر دکھائی دیئے، جاپان کے کاتسوتوشی کاوانو اور جرمنی کے وولکر ویکر نویں اور دسویں نمبر پر موجود رہے۔