لاہور(یو این پی) پنجاب کو اس وقت دھند نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ اس وقت لاہور سمیت کئی شہروں میں دھندکا راج ہے۔ میڈیاکے مطابق موٹر وے اس وقت پوری طرح دھند کی لپیٹ میں آچکا ہے اور موٹر وے پولیس نے شہریوں کو موٹر وے پر سفر نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ پنجاب کے جنوبی شہروں میں دھند بہت زیادہ ہے۔ لاہور ائیرپورٹ کے اردگرد حد نظر صرف 20میٹر تک رہ گئی ہے۔ دھند کی وجہ سے کئی پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا سلسلہ ابھی مزید کئی روز تک جاری رہے گاجبکہ پنجاب بھر میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری اور بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔