فیصل آباد(یواین پی) صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار (چےئرمین لاثانی ویلفےئر فاؤنڈیشن ) کی زیر نگرانی غلام رسول نگر پیپلزکالونی نمبر2 آستانہ عالیہ لاثانی سرکار پر فری لاثانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا‘جس کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل تھے۔ فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مریضوں نے ناک،کان ،گلہ ،ٹی بی چیسٹ،کڈنی ،معدہ ،جگر ،آنت اور گائناکالوجسٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹرزاور لیڈی ڈاکٹر زسے علاج کروایا۔ میڈیکل کیمپ میں مردوں اور عورتوں کیلئے علیحدہ علیحدہ انتظام کیا گیا تھا جہاں سپیشلسٹ ڈاکٹرز نے اپنی خدمات دیں۔میڈیکل کیمپ میں آنے والے تمام مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر صوفی مسعود احمد صدیقی لاسنی سرکار نے کہا کہ ہم یہ کیمپ عرصہ 25 سے 30 سال سے لگا رہے ہیں اورہمارا یہ میڈیکل کیمپ بین الاقوامی اہمیت اختیار کر چکا ہے کیونکہ یہ کیمپ پاکستان کے تمام شہروں کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی لگایا جاتا ہے جہاں سے ہزاروں مریض استفادہ حاصل کرتے ہیں۔ لاثانی ویلفےئر فاؤنڈیشن کا حقیقی مشن روشنی اور نور کا سفر زندگی اورآخرت کیلئے ہے۔ صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے کہا کہ لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن (رجسٹرڈ) انٹرنیشنل کے زیر انتظام پورے پاکستان میں سکولز‘ مدارس‘ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس اور فری میڈیکل کیمپ غربت و افلاس کے خلاف علم جہاد بلند کئے ہوئے ہیں‘ لاکھوں لوگ مذاہب و مسالک کی حدود سے بالاتر ہو کر ان سکولز‘ مدارس‘ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس اور فری میڈیکل کیمپ سے مستفید ہو رہے ہیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل نے صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکاری کی دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی کوششوں اور کاوشوں کی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس عمل کی اجر آپ لوگوں کو اللہ تعالیٰ دے گا‘ انہوں نے کہا کہ میرے مشاہدے میں آیا ہے کہ یہ سب کچھ آپ اللہ کی رضا اور اس کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کر رہے ہیں جو واقعی قابل تحسین ہے۔ میاں طاہر جمیل نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں جہاں بھی میری ضرورت محسوس ہو مجھے آواز دینا میں 1122کی طرح آپ کے پاس پہنچوں گا اور آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر عوامی خدمت میں اپنا رول ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ غلام رسول نگر میں لاکھوں روپے کے ترقیاتی کام ہو چکے ہیں جو آپ کے سامنے ہیں۔یہاں کی سڑکیں‘ گلیاں اور سیوریج کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اور آئندہ بھی یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔