اسلام آباد (یواین پی)کرکٹ میں گلیمر ، گیند اور بیٹ کی طرح ساتھ ساتھ ہیں اسی لیے تو اسٹار اداکار، ماڈل اور گلوکار فواد خان پی ایس ایل کی اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے ایمبسڈر بن گئے۔ پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے کو ہے ۔ تیاریاں تیز ہی نہیں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں مصباح الحق ، شین واٹسن ، براڈ ہیڈن ، محمد عرفان اور بابر اعظم جیسے ستاروں کے جھرمٹ میں اسٹار ماڈل اور اداکار فواد خان کا اضافہ ہو گیا ہے۔ وکٹوں کے گرنے اور چوکوں چھکوں کے لگنے سے پہلے فواد خان کی انٹری نے گویا چھکے چھڑا دیئے ۔ فلم “خدا کے لیے” سے سپر ہٹ اسٹار اور ٹی وی شو “ہمسفر اور زندگی گلزار ہے” کی بدولت دو ہزار چودہ کے بہترین اداکار بننے والے فواد خان اب اسلام آباد یونائیٹڈ میں بطور ایمبیسڈر جادو جگائیں گے ۔