کراچی …آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ کراچی کو دہشتگری سے پاک کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدرات کور ہیڈ کواٹر کراچی میں اہم ترین اور غیر معمولی اجلاس ہوا جو کہ تقریبا 6گھنٹے تک جار ی رہا جس دوران کر اچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے گئے آپریشن پر تفصیلی غور کیا گیا اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف بھی کی گئی ۔ اجلاس میں آرمی چیف کو کراچی کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز اور انٹیلی جنس معلومات پر کی جانے والی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف جنر ل راحیل شریف نے سیکیورٹی اداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پرامن اور بے خوف معمولات زندگی کی بحالی یقینی بنائی جائے گی اور دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔آرمی چیف جنر ل راحیل شریف کا کہناتھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر انہیں توڑ دیاہے ، آرمی چیف نے کراچی میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری لانے پر رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی ۔اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، ڈی جی آئی ا یس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ، ڈی جی ایم آئی میجر جنرل ندیم ذکی منج اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی ۔