بیجنگ… چین میں کینسر سے اموات کا گراف تیزی سے بلند ہورہا ہے اور محتاط اندازے کے مطابق روزانہ 7500 افراد موت کا نوالہ بنتے ہیں۔چین میں کے نیشنل کینسر سینٹر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال چین میں کینسر کے 43 لاکھ نئے کیس رجسٹر ہوئے تھے جب کہ 28 لاکھ افراد لقمہ اجل بنے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین میں پھیپھڑوں کا سرطان ان اموات میں سرِ فہرست ہے جس کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے، چین میں کینسر نوٹ کرنے والی 72 رجسٹریوں سے 2009 سے 2011 کا ڈیٹا لیا گیا جو آبادی کی 6 فیصد تعداد کو ظاہر کرتا ہے اور اسی ڈیٹا کو بڑھا کر اندازاً کہا جاسکتا ہےکہ صرف 2015 میں کینسر کے 4,292,000 نئے کیس سامنے آئے ہوں گے یعنی ہر روز 12 ہزار نئے کیس رجسٹر ہورہے ہیں اور روازنہ 7500 ہزار افراد کینسر سے ہلاک ہورہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کینسر سے اموات میں پھیپھڑوں کا سرطان سرِ فہرست ہے اس کے بعد معدے اور آنت کا کینسر شامل ہے جب کہ چین میں کینسر خواتین کو دُگنا نقصان پہنچا رہا ہے اور اس سے بوڑھے افراد زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 25 فیصد اموات کی ذمے دار تمباکو نوشی ہے جب کہ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی، گندا پانی، کھاد اور مٹی میں موجود خطرناک اور زہریلے اجزا چینی باشندوں کو سرطان کے دھانے پر پہنچارہے ہیں۔