لندن(یواین پی)ویلنٹائن کا تہوار آئے اور مغرب سے دلچسپ و عجیب خبریں نہ آئیں، یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ اس بار میا کلیر نامی خاتون نے ویلنٹائن کے موقع پر خود کو فروخت کے لئے پیش کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ کلیر نے آن لائن خرید و فروخت کی مشہور ویب سائٹ ای بے پر خود کو پیش کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ ویلنٹائن کی رات گزاریں گی کہ جو ان کے لئے زیادہ سے زیادہ بولی دے سکتا ہے۔ کلیر نے اس مشہور ویب سائٹ پر ایک اشتہار دیا ہے جس پر اپنی تصویر بھی لگائی ہے اور بتایا ہے کہ ان کا قد 5 فٹ 8 انچ ہے اور وہ دلکش شکل و صورت والی خوبصورت اور جوان خاتون ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کئی سالوں سے اکیلی ہیں اور کسی کے ساتھ بھی ویلنٹائن ڈے کے خاص لمحات گزارسکتی ہیں، سوائے ٹریفک وارڈنز کے۔ کلیر نے اپنے اشتہار میں واضح کیا ہے کہ وہ کسی ٹریفک وارڈن کے ساتھ کسی بھی شرط پر رومانوی ملاقات نہیں کرسکتیں۔ کلیر کی پیشکش کے جواب میں مردوں نے بولی لگانی شروع کر دی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر رقم ان کے شایان شان نہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ بہتری متوقع ہے۔ بولی کا اختتام ویلنٹائن ڈے کی شام کو ہوگا، جس کے بعد وہ سب سے زیادہ بولی لگانے والے کے پاس روانہ ہو جائیں گی۔ کلیر کا کہنا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے پر خود کو بیچ کر اپنے لئے دولت اکٹھی نہیں کرنا چاہتیں، بلکہ وہ ایک بڑے مقصد کے لئے یہ کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بولی سے حاصل ہونے والی رقم تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کے لئے قائم کی گئی ایک این جی او کو بطور عطیہ دینا چاہتی ہیں۔