اسلام آباد۔۔۔ پاکستان نے امریکا سے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے معاملے پر بھارتی ردعمل کو بے جا اور انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر وضاحت کے باوجود بھارت کا ردعمل حیران کن اور انتہائی افسوسناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی فوج اور ہتھیاروں کا ذخیرہ پاکستان سے کہیں زیادہ ہے جب کہ بھارت خود دفاعی ہتھیاروں کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے، امریکی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ایف سولہ طیارے پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کیلئے دیئے جا رہے ہیں، پاکستان اور امریکا دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے سے قریبی تعاون کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھارتی احتجاج سے بہت مایوسی ہوئی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکا نے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیاروں سمیت جدید ریڈار فروخت کرنے کی منظوری دی تھی جس پر بھارت نے نئی دلی میں تعینات امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔