اسلام آباد (یو این پی) وفاقی دارالحکومت کے پہلے میئر اور ڈپٹی میئرز کا انتخاب آج ہو گا۔ چاروں عہدوں کیلئے ن لیگ اور تحریک انصاف آمنے سامنےہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئرز کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعہ ہو گا جس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ستتر ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں تمام پچاس یونین کونسلز کے منتخب چیئرمین اور کونسل کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ستائیس عہدیداران شامل ہیں۔ پولنگ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ وفاقی دارالحکومت کے پہلے میئر کے لئے نون لیگ کے شیخ انصر عزیز اور تحریک انصاف کے راجا خرم نواز میں ون ٹو ون مقابلہ ہے۔ ڈپٹی میئرز کے تین عہدوں کیلئے نون لیگ کے چوہدری رفعت جاوید، ذیشان شاہ اور اعظم خان امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے علی نواز اعوان، راجا ذوالقرنین اور فوزیہ ارشد میدان میں ہیں۔