اسلام آباد(یواین پی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے اور ملک کے مختلف حصوں سے موصولہ طلبہ و طالبات کی خواہش اور ضرورت کے پیش نظر سمسٹر بہار 2016ء کے میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک کے پروگرامز کے داخلہ فارم بغیر لیٹ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں سوموار21۔مارچ 2016ء تک توسیع کردی ہے۔ وائس چانسلر نے امید ظاہر کی ہے کہ داخلوں کی تاریخ میں توسیع سے خواہشمند طلبہ کو اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو گھر کی دہلیز پر عہد حاضر کی تمام جدید سہولتوں کے ساتھ نسبتاً کم داخلہ فیس میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کی بھر پور کوششیں جاری ہیں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ ان کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلوں کے طریقہ کار کو نہایت آسان اور شفاف بنادیا گیا ہے۔اب داخلہ فارم موصول ہوتے ہی ہر طالب علم کو داخلہ فارم موصول ہونے کی تصدیق بذریعہ موبائیل ایس ایم ایس کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر میں داخلوں کے خواہشمند افراد کی رہنمائی کے لئے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کردئیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر شعبہ داخلہ ٗ سید ضیاء الحسنین کے مطابق داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں واقع یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ملک کے مختلف شہروں میں موجود علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر میں قائم سیل پوائنٹس سے دستیاب ہیں۔ جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے پراسپکٹس اور داخلہ فارمز یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ بھی کئے جاسکتے ہیں ۔داخلوں کے بارے میں تفصیلی معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردی گئی ہیں۔