اسلام آباد (یو این پی)عمران خان متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ پر برس پڑے، قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بھی مشورے دئیے۔ پی ٹی آئی کے کپتان نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کے قائد پر کڑی تنقید کا وار کیا۔ کپتان نے متحدہ کو سیاسی جماعت کے بجائے مافیا قرار دے ڈالا، کہتے ہیں کراچی میں لوگوں کے جینے مرنے کے فیصلے لندن میں کئے جاتے ہیں۔کپتان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دھرم شالہ میں میچ نہ کھیلنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی صوبے ہما چل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے بیان ووٹ بڑھانے کیلئے دیا۔ سابق کرکٹ کپتان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم بھارت گئی تو وہ میچ دیکھنے ضرور جائیں گے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کو را کی فنڈنگ پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔