بہاولپور(یواین پی)ڈسٹرکٹ پولیس آفس بہاولپور میں ملک اقبال چنڑ کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بہاولپور میں امن وامان قائم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں علماء کرام انجمن تاجران کے نمائندگان اور سول سوسائٹی پولیس اور انتظامیہ کا ساتھ دیں ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے تخریب کارموقع کی تلاش میں ہوتے ہیں،باہمی محبت اخوت روارداری سے سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ ڈی پی او بہاولپور ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مساوات ،بھائی چارہ ،یکجہتی اور رواداری کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی جان کے ناطے کسی بھی مسلک کے افراد کا نقصان امت مسلمہ کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاشیں گرانے والے مسلمان نہیں ہو سکتے۔اسلام آپس میں تمام مذاہب اور مسالک کیلئے امن اور محبت کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ نعرے بازی کرنے والے افراد خواہ وہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئندہ پر امن جلسے وجلوس میں مدارس کے طلبہ شریک نہیں ہونگے۔فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ذمہ داران کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔بہاولپور پر امن خطہ ہے یہاں کہ افراد تہذیب والے اور پڑھے لکھے ہیں جوکہ امن وامان کو پسند کرتے ہیں جس کا ثبوت انہوں نے محرم الحرام میں دیا ۔محرام الحرام میں ممبران امن کمیٹی ،علماء کرام اورعوام کے تعاون سے دیگر اضلاع کی نسبت بہاولپور کی فضاء پرامن رہی۔
اہلسنت جماعت کے شرکاء نے یقین دلایا کہ وہ کل ہونے والی احتجاجی ریلی میں کسی قسم کی کوئی توڑپھوڑ اوراشتعال انگیز نعرے بازی نہیں کریں گے۔مولانا حنیف جالندھری ممبر وفاق المدارس جوکہ خصوصی طور پر امن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ملتان سے تشریف لائے انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ملک کا امن وامان ہے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی امن کے بارہ میں دعا فرمائی تھی ۔تمام مکاتب فکرمیں ایسے لوگ موجود ہیں جو آپس میں محبت اخوت روا داریکا درس دے کر بیرونی سازشوں کو ناکام بناتے ہیں۔تمام شرکاء سے میری درخواست ہے کہ آپس میں تعاون کریں کیونکہ تعاون سے بڑے بڑے مسائل حل ہو جاتے ہیں ۔سید ساجد حسین بخاری ممبر امن کمیٹی نے کہا کہ سانحات کسی بھی قسم کے اور کسی بھی مسلک کے خلاف ہوں ہم ان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اپنے مسلک کی جانب سے انتظامیہ اور پولیس سے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔اجلا س میں صدر انجمن تاجران حافظ محمد یونس،راؤ جاوید اقبل،خواجہ مرید حسین،صاحبزدہ ریاض احمد اویسی،علامہ شفقت الرحمن،مفتی انعام الحق،مفتی ارشاد احمد سمیت دیگر ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی ۔آخر میں مولانا حنیف جالندھری نے ملکی سا لمیت امن و آتشی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔