کراچی (یو این پی) سندھ کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا ہے کہ نئی پارٹی کی بنیاد دبئی میں نہیں ڈالی گئی۔ تئیس مارچ کو پارٹی کے نئے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں کمال ہاوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سابق وزیر صحت اور مصطفی کمال کے ساتھی صغیر احمد نے کہا کہ پارٹی کا نام فائنل کر لیا ہے۔اپریل کے دوسرے ہفتے میں کراچی میں بہت بڑا سیاسی جلسہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پارٹی کی بنیاد دبئی میں نہیں ڈالی گئی۔ تئیس مارچ کو پارٹی کے نام کا اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو پیرس بنانے کی بات کی جاتی ہے۔ حکومت کراچی کو صرف کراچی ہی بنادے تو بڑی بات ہوگی۔ دنیا بھر سے لوگ رابطہ کررہے ہیں جہاں ضرورت ہوگی وہاں دفتر قائم کریں گے۔اس سے قبل انیس قائم خانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی سیٹ اپ پر کام ہو رہا ہے۔ پارٹی کے حوالے سے جو کام بھی ہوگا سب کی مشاورت سے کیا جائے گا۔